نئی دہلی، 24؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )ترنگے کے وقار کے لیے جان نچھاور کرنے والے فوجیوں کی قربانی سے نئی نسل کو روشناس کرا نے کے لیے انا تحریک کا حصہ رہا ’جے ہند منچ ‘اگست کے دوسرے ہفتے سے ترنگا یاتراکااہتمام کرے گا ۔جے ہند منچ کے صدر سریش شرما نے بتایا کہ یہ یاترا ہریانہ سے شروع ہوکر اتر پردیش، ہماچل پردیش، پنجاب اور راجستھان ہوتے ہوئے دہلی تک آئے گی جہاں اس کا اختتام ہوگا۔یہ 11؍اگست سے 15؍اگست تک 300کلو میٹر سے زیادہ فاصلے طے کرے گی ۔یاترا کا آغاز ہریانہ کے بھیوانی سے ہوگا اور اس کا اختتام دہلی کے ماڈل ٹاؤن میں ہوگا ۔اس یاترا کا اختتام سادھوی رتمبھرا دہلی میں ترنگا لہرا کر کریں گی۔اس کے بعد امر جوان جیوتی پر گلہائے عقیدت بھی پیش کیا جائے گا ۔شرما نے کہا کہ ترنگا یاترا کے موضوع پر وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی جے ہند منچ نے خط لکھا اور وزیر اعظم کے دفتر نے اس مقصد کی تعریف کی ہے۔منچ کا مقصد پاکستانی فائرنگ اور ملک کے اندر امن و امان قائم کرنے کے دوران جان نچھاور کرنے والے فوجی اور نیم فوجی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں سے نئی نسل کو متعارف کرانا، عوامی بیداری پھیلانا اور شہیدوں کا ان کے جائے پیدائش میں اسمارک بنانے کو عوامی تحریک کی شکل دینا ہے۔منچ کے کنوینر نوین جے ہند نے کہا کہ منچ نے گاؤں گاؤں میں ہر گھر کے اہم جشن اور تقریب میں شہیدوں کو جوڑنے اور ایسے شہید خاندانوں کو اہم مقام دینے کی پہل بھی شروع کی ہے تاکہ آنے والی نسل ان کی قربانی کو یاد رکھے اور نوجوانوں میں ملک کے تئیں قربانی دینے کا جذبہ پیدا ہو۔جے ہند منچ گزشتہ ایک دہائی میں 402شہیدوں کے اسمارک ان کی جائے پیدائش میں تعمیر کر چکا ہے اور 600اسمارکوں کو گود لے چکا ہے۔ان میں کارگل شہید سریندر سنگھ سوران اور دھرمیش سانگوان وغیرہ اہم ہیں۔شرما نے کہا کہ ہم ملک کی سرحد کی حفاظت کرنے والے فوجیوں کے تئیں یکجہتی کااظہار کرنا چاہتے ہیں جو کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ترنگے کے وقار کے لیے قربانی دے رہے ہیں۔